بنگلورو۔21؍جون(ایس او نیوز/عبد الحلیم منصور) شہر میں موجود غیر قانونی ہورڈنگس کے خلاف کارروائی کرنے کا مکمل اختیار بی ایم ٹی ایف کو دینے کا فیصلہ لیا گیاہے۔ سٹی پولیس کمشنر میگرک نے آج بی بی ایم پی دفتر پہنچ کر کمشنر منجوناتھ پرساد سے غیر قانونی اشتہاری ہورڈنگس کی بھرمار پر تبادلۂ خیال کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ محکمۂ داخلہ نے بی ایم ٹی ایف کو افزود اختیارات فراہم کرنے کا فیصلہ لیا ہے، جس کے تحت عنقریب احکامات جاری کردئے جائیں گے۔ شہر میں غیر قانونی ہورڈنگس لگانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔غیر قانونی ہورڈنگس ہٹاتے وقت پولیس اہل کار بھی بی بی ایم پی حکام کا ساتھ دیں گے۔ ہورڈنگس نکالتے وقت اگر عملے پر حملے کے واقعات پیش آئیں تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ رات کے وقت ہورڈنگس ہٹانے کیلئے پولیس کا سہارا لیا جاسکتاہے۔ بی بی ایم پی حدود میں اشتہارات کے نام پر جاری گھپلوں کے پیش نظر پولیس کمشنر کا دورہ نہایت اہمیت کا حامل رہا۔ بتایاجاتاہے کہ اس غیر قانونی دھندے میں نہ صرف افسران بلکہ منتخب نمائندے بھی شامل ہیں۔ جس کے تحت لوک آیوکتہ کے ذریعہ اشتہاری ایجنسیوں پر چھاپے بھی مارے گئے تھے۔اس دھندے میں شہر کے دو اراکین اسمبلی اور 8 سے زائد کارپوریٹرس کے علاوہ سینئر افسران کے ملوث ہونے کے الزامات عائد ہورہے ہیں۔ اے سی بی چھاپوں کے دوران ضبط شدہ ڈائری میں منتخب نمائندوں کو فراہم کردہ رشوت کی تفصیلات بھی درج بتائی گئی ہیں۔